نصیرآباد میڈیکل کالج منصوبہ: کمشنر صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس، فنڈز کے مسائل پر بریفنگ

نصیرآباد: نصیرآباد ڈویژن میں زیرِ تعمیر میڈیکل کالج کے منصوبے پر جائزہ اجلاس کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل اور انجینئر میر محمد مینگل سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر عامر عزیز مگسی نے بریفنگ میں بتایا کہ نصیرآباد میڈیکل کالج تین فیزز پر مشتمل منصوبہ ہے، جس کا اہم فیز عمارت کی تعمیر ہے جبکہ دیگر مختلف کمپوننٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل میں فنڈز سمیت بعض دیگر مسائل درپیش ہیں جن کا بروقت تدارک ضروری ہے۔
کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ نصیرآباد میں میڈیکل کالج کا قیام علاقے کی ترقی اور عوام کو معیاری طبی و تعلیمی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، اور منصوبے کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل کے لیے ڈویژنل انتظامیہ ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹیچنگ ہسپتال اور لیور ٹرانسپلانٹ پروجیکٹ بھی اسی سے جڑے منصوبے ہیں، جن کے مزید جائزے کے لیے میٹنگز شیڈول کی جائیں گی۔ فنڈز اور دیگر درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے مؤثر رابطہ کیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے نصیرآباد ڈویژن کے مستقبل سے جڑا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











