نصیرآباد: غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی ہدایت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی امور، اساتذہ و عملے کی حاضری، تعلیمی معیار میں بہتری اور طلبہ کی تربیت سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی بروقت اور باقاعدہ حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے کیونکہ اساتذہ کی حاضری براہِ راست بچوں کی تعلیم سے وابستہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی کی جائے اور قواعد کے مطابق ان کی تنخواہوں میں کٹوتی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ صرف نصابی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ طلبہ کی اخلاقی، سماجی اور عملی تربیت پر بھی توجہ دیں تاکہ بچوں میں نظم و ضبط، ذمہ داری، برداشت، مثبت سوچ اور معاشرتی اقدار فروغ پائیں، اور جدید تدریسی طریقے اختیار کرتے ہوئے ہر بچے پر انفرادی توجہ دیں۔
وریندر لعل نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم ان کے ثمرات اسی صورت ملیں گے جب اساتذہ اور محکمہ تعلیم کا عملہ دیانت داری اور محنت سے ذمہ داریاں ادا کرے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور اساتذہ کی حاضری کا ریکارڈ مرتب رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی اور مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











