نصیرآباد: تحصیل چھتر میں اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد کی کھلی کچہری، صحت، زراعت اور لائیوسٹاک کے مسائل پیش

نصیرآباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی خصوصی ہدایت پر تحصیل چھتر میں اسسٹنٹ کمشنر چھتر بشیر احمد کی سربراہی میں عوامی مسائل کے فوری ازالے اور بنیادی سرکاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
کھلی کچہری میں مختلف ضلعی محکموں کے افسران، ضلعی سربراہان اور ان کے نمائندوں سمیت علاقے کے عمائدین، زمینداروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہریوں کی شکایات
شہریوں نے امن و امان کی صورتحال، صحت و طبی سہولیات کی عدم دستیابی، بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی کمی، زراعت کے شعبے کے مسائل، زراعت افسران کی عدم دستیابی، لائیوسٹاک سے متعلق مسائل اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات اور مطالبات پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں عوام کو صحت، زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کی مؤثر نگرانی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فیلڈ میں سرکاری افسران کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد نے شہریوں کے مسائل اور شکایات بغور سنیں اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ عوام کے جائز مسائل پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر ان کا حل یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دینا اور شہریوں کو اپنی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے مسائل پر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











