میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول گوادر 2026 اختتام پذیر، گوتری اسکول فٹبال چیمپئن

گوادر: میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول گوادر 2026 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گیا۔ 7 ستمبر سے جاری فیسٹیول میں گوادر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور میراتھن، رسہ کشی، کرکٹ اور فٹبال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ فیسٹیول صوبائی حکومت کی کھیلوں اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے کلچر کے فروغ کی پالیسی کے تحت منعقد کیا گیا۔
بوائز فٹبال کا فائنل بابا بزنجو فٹبال اسٹیڈیم میں گورنمنٹ جدید ہائی اسکول گوادر اور گورنمنٹ گوتری ہائی اسکول کے درمیان کھیلا گیا، جس میں گوتری اسکول نے دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے کامیابی حاصل کر کے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور احمد بلوچ تھے، جبکہ میر ارشد کلمتی، ڈی ای او زاہد حسین، ضلعی پروگرام منیجر عادل نودیزی، پرنسپل مجید کے بی اور ہیڈ ماسٹر وحید ہمدرد سمیت اساتذہ، طلبہ، والدین اور شائقین شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت، قومی ترانے اور ملی نغمے سے ہوا۔
نمایاں کارکردگی دکھانے والے اسکاؤٹ پریڈ دستے، کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، نقد انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ گوتری اسکول کے اصغر اکبر بہترین گول کیپر، عاصم حاصل بہترین کھلاڑی اور جدید اسکول کے واجو شعبان ٹاپ اسکورر قرار پائے۔ میر ارشد کلمتی نے فیسٹیول کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











