میر صادق عمرانی نے محکمہ آبپاشی کے ترقی پانے والے ملازمین میں آرڈرز تقسیم کیے

کوئٹہ: سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کی بے روزگاری کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدہ کوششوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ کے سکندر جمالی آڈیٹوریم میں محکمہ آبپاشی کے ترقی پانے والے ملازمین کو آرڈرز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں محکمہ آبپاشی کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ کلرک یونین کے عہدیداران اور دیگر افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت بے روزگاری کے خاتمے کو اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت ملنے پر انہوں نے لواحقین کوٹے کے التوا کا شکار کیسز پر کام شروع کروایا اور اسی جگہ ایک پروقار تقریب میں 117 بیوہ اور یتیم لواحقین کو تعیناتی کے آرڈرز دیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ضرورت مند حقدار کو نوکری یا ترقی کے آرڈرز دینا ان کے لیے اعزاز ہے اور اس سے ملنے والی خوشی بیان نہیں کر سکتے۔
میر محمد صادق عمرانی نے ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ایمانداری سے فرائض انجام دے کر محکمے اور صوبے کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
تقریب سے محکمے کے افسران و دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں سے محکمہ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں حقدار ملازمین کو ترقی کے آرڈرز ملنے سے پورے محکمے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











