مولانا ہدایت الرحمن کی ڈی جی فشریز عتیق الرحمن سے ملاقات، گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ روکنے کا مطالبہ

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل فشریز بلوچستان عتیق الرحمن سے ان کے دفتر گوادر میں ملاقات کی، جس میں ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام، مقامی ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ، ماہی گیروں کی شفاف رجسٹریشن اور فشریز کے شعبے کی پائیدار ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ گوادر کے مقامی ماہی گیر نسلوں سے سمندر سے وابستہ ہیں اور ماہی گیری ان کا ذریعہ معاش ہونے کے ساتھ ساحلی معیشت کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے فشریز حکام پر زور دیا کہ ساحلی علاقوں میں پٹرولنگ اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے اور غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف قانون کے مطابق عملی اقدامات کیے جائیں، اور بتایا کہ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی رجسٹریشن کا عمل شفاف، میرٹ پر مبنی اور قابل تصدیق ہونا چاہیے تاکہ حقیقی مقامی ماہی گیروں کو حکومتی سہولیات اور فلاحی پروگراموں تک رسائی مل سکے۔
ڈی جی فشریز عتیق الرحمن نے کہا کہ محکمہ سمندری وسائل کے تحفظ، قانونی ماہی گیری کے فروغ اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، اور رجسٹریشن میں شفافیت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ماہی گیروں کی فلاح، جدید سہولیات، بہتر مارکیٹ رسائی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور پائیدار ماہی گیری کو یکساں اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











