موسیٰ خیل: ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک سے قبائلی وفد کی ملاقات، بی ایس ڈی آئی ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

موسیٰ خیل: ڈپٹی کمشنر دفتر میں ایک قبائلی وفد نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) 2026-27 کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ BSDI کے تحت نہ صرف ضلع موسیٰ خیل بلکہ پورے صوبے میں نچلی سطح پر بنیادی سہولیات، تعلیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیاری تعمیراتی کام اور وقت کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومتِ بلوچستان کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں واشک کی طرز پر موسیٰ خیل ڈویلپمنٹ پلان کا خصوصی منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع میں بڑے پیمانے پر فلاحی و ترقیاتی کام شروع کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے کہا کہ وہ خود مسلسل ضلع کے تعلیمی اداروں کا معائنہ کر رہے ہیں، جیسے حال ہی میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ڈاکیان کا دورہ کیا، اور میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی سمیت تعلیمی نظام کی مانیٹرنگ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کی کارکردگی کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











