موسیٰ خیل میں مضر صحت جڑی بوٹیوں کے خلاف سپرے مہم شروع، ملیریا اور ڈینگی کی روک تھام میں مدد

موسیٰ خیل: حکومت بلوچستان کے صاف ستھرے اور عوام دوست وژن کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شمس الحق کی نگرانی میں زراعت کالونی، سرکاری دفاتر اور شہر کے دیگر حصوں میں مضر صحت جڑی بوٹیوں کے خلاف سپرے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ مہم حکومتِ بلوچستان کے ماحول دوست وژن کی عملی عکاسی ہے۔
نقصان دہ اور خود رو جڑی بوٹیاں نہ صرف ماحول کی خوبصورتی کو متاثر کرتی ہیں بلکہ مچھروں، حشرات اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بنتی ہیں۔ گلیوں اور سرکاری دفاتر سے ان جڑی بوٹیوں کا خاتمہ مچھروں اور دیگر موذی حشرات کی افزائش روکے گا، جس سے ملیریا اور ڈینگی جیسے امراض پر قابو پانے میں مدد ملے گی، جبکہ صفائی کی اس مہم سے ضلع موسیٰ خیل کا قدرتی حسن بھی نکھر کر سامنے آئے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ سپرے کے دوران اور اس کے فوراً بعد شہری احتیاط برتیں، خاص طور پر بچوں اور پالتو جانوروں کو سپرے شدہ حصوں سے دور رکھیں تاکہ کیمیکل کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔
امید ظاہر کی گئی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی یہ مشترکہ کاوشیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ موسیٰ خیل کو ایک مثالی، صاف ستھرا اور سرسبز ضلع بنایا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











