موسیٰ خیل: ضلعی حفاظتی ٹیکہ جات رابطہ کمیٹی کا اجلاس، EPI کوریج بہتر بنانے پر زور

موسیٰ خیل: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نادر خان کی زیر صدارت ضلعی حفاظتی ٹیکہ جات رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مجیب الرحمٰن، ڈسٹرکٹ سپورٹ آفیسر عبدالروف، ڈسٹرکٹ ویکسین انچارج گل داد اور محکمہ صحت کے نمائندوں شیر زمان، عقل شاہ، محیب اللہ اور نعمت اللہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت، ضلع میں جاری EPI سرگرمیوں، فیلڈ کارکردگی اور حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے EPI کوریج، ویکسینیٹرز کی کارکردگی و حاضری، فیلڈ مانیٹرنگ اور یونین کونسل کی سطح پر مکمل کوریج یقینی بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔
اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی، ویکسینیٹرز کی کارکردگی میں بہتری اور یونین کونسل کی سطح پر بچوں تک حفاظتی ٹیکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ضلع موسیٰ خیل میں مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر تمام افسران و اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کے ساتھ سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











