ماجد جوہر کی چینی کمرشل کونسلر لی یونگ سے ملاقات، گوادر کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور ترقی پر بات چیت

کراچی/گوادر: چیئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہر نے چیف افسر مکتوم موسیٰ کے ہمراہ عوامی جمہوریہ چین کے قونصل خانے کراچی کے اقتصادی و تجارتی شعبے کے کمرشل کونسلر مسٹر لی یونگ (Li Yong) سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گوادر کی پائیدار ترقی، عوامی فلاح، بلدیاتی تعاون اور پاک۔چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گوادر کے طلبہ کے لیے چین کے سسٹر سٹیز کارامے، پویانگ اور تیانجن پورٹ سٹی کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور اسکالرشپ کے مواقع، اولڈ ٹاؤن کی بحالی، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، سولر اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی، صفائی کے جدید آلات اور ویکیوم سویپنگ مشینوں کی دستیابی سمیت متعدد عوامی فلاحی تجاویز زیرِ غور آئیں۔
ان تجاویز میں مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، ماہی گیروں کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید فش فارمنگ کا فروغ اور متعلقہ وفود کے چین کے مطالعاتی دورے بھی شامل تھے۔
مسٹر لی یونگ نے گوادر کی ترقی اور عوامی بہبود سے متعلق تجاویز کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ چینی اداروں سے مشاورت کے بعد ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











