لورالائی میں یوم دفاع ریلی، 50 گز طویل قومی پرچم توجہ کا مرکز، فضل خان اوتمانخیل کی قیادت

لورالائی: رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اوتمانخیل کی خصوصی ہدایات پر ان کے فرزند فضل خان اوتمانخیل کی قیادت میں 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے سلسلے میں پروقار ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقائی معتبرین، عمائدین، حاجی طور کاروان کے نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی میں 50 گز طویل قومی پرچم خصوصی توجہ کا مرکز رہا جسے نوجوانوں نے جوش و جذبے سے تھام رکھا تھا۔ ریلی عبدالرحیم خان کلب سے شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپس عبدالرحیم کلب پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے حق میں نعرے لگائے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے افضل خان اوتمانخیل و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء ناقابلِ فراموش دن ہے جب قوم نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے، اور شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
فضل خان اوتمانخیل نے نوجوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جو تعلیم، محنت، دیانتداری اور قومی یکجہتی کو شعار بنا کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، اور سب کو اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و امن کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لیے دعا اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











