لورالائی میں بھنگ کی کاشت کے خلاف مہم: ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع کی زیر صدارت انسداد منشیات کمیٹی کا اجلاس

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی زیر صدارت ضلعی کمیٹی برائے انسدادِ منشیات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں بھنگ کی کاشت کے خلاف جاری مہم، سروے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) علی نواز جمالی، ایس ڈی پی او محمد اعظم، محکمہ ایکسائز و اینٹی نارکوٹکس اور دیگر متعلقہ محکموں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں بھنگ کی ممکنہ کاشت کی نشاندہی کے لیے کیے گئے سروے، مختلف علاقوں سے موصول رپورٹس اور متعلقہ اداروں کے پیش کردہ اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ بھنگ کی کاشت کے خلاف اب تک کی گئی کارروائیوں اور درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں ہوگی
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے واضح کیا کہ ضلع لورالائی میں منشیات، خصوصاً بھنگ کی کاشت کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھنگ کی کاشت کی درست اور مکمل نشاندہی کے لیے سروے ہر صورت مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور اس کے اعداد و شمار کی تصدیق بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں کریں، اور جہاں بھنگ کی فصل کی نشاندہی ہو وہاں قانون کے مطابق فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ انسدادِ بھنگ مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی علاقے میں بھنگ کی کاشت یا اس سے متعلق سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی یقینی بنائیں۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ انسدادِ منشیات مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایکسائز و اینٹی نارکوٹکس اور دیگر اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنائی جائے گی۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع لورالائی کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے انسدادِ بھنگ مہم پر بلاامتیاز اور سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا، جبکہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے عوامی سطح پر اس کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











