لورالائی: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا 13 فوڈ یونٹس کا معائنہ، 3 کو جرمانے اور 4 کو اصلاحی نوٹس

لورالائی: بلوچستان فوڈ اتھارٹی (BFA) کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد غنی کی نگرانی میں لورالائی سیشن کورٹ کے قریب کوئٹہ روڈ پر 13 فوڈ یونٹس کا معائنہ کیا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 یونٹس کو جرمانے جبکہ 4 یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ٹیم نے جنرل اسٹورز اور بیکنگ یونٹس میں اشیائے خورد و نوش کے معیار، میعاد، ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار، صفائی ستھرائی اور ورکرز کی ذاتی حفظان صحت کا جائزہ لیا۔ دو جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ مصالحہ جات، بسکٹ اور ٹافیاں برآمد ہوئیں، جبکہ ناقص اور غیر مناسب اسٹوریج پر بھی کارروائی کی گئی۔
ایک بیکنگ یونٹ میں کھلا کچرے کا ڈبہ، صفائی کے ناقص انتظامات، غیر مناسب اسٹوریج، اشیاء پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخ درج نہ ہونے اور ورکرز کی حفظان صحت سے متعلق متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر یونٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
حکام نے واضح کیا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ بھی مختلف علاقوں میں فوڈ بزنس یونٹس کی نگرانی اور اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











