ضلع کیچ میں چار روزہ انسداد پولیو مہم شروع، ڈی سی یاسر اقبال دشتی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں افتتاح کیا

تربت: ضلع کیچ میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی، ڈبلیو ایچ او کیچ کے ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر ارسلان، ظریف عالیان، پولیو ٹیموں کے ارکان اور محکمہ صحت کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے، جنہوں نے بچوں کو قطرے پلائے۔
میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین، عوام، محکمہ صحت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں، اور حکام کو ہدایت کی کہ کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے اور تمام علاقوں میں ٹیموں کی مؤثر رسائی یقینی بنائی جائے۔
ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے بتایا کہ ضلع میں مہم کے لیے 315 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ 71 فکسڈ مراکز اور 9 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ مہم 21 سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کے بچوں کو قطرے پلائیں گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











