صحبت پور میں ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین کی کھلی کچہری؛ کئی شکایات پر موقع پر احکامات

صحبت پور: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات اور عوامی مسائل کے فوری حل کی پالیسی کے تحت ضلع صحبت پور میں کھلی کچہری منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے کی۔
کھلی کچہری میں ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے ڈسٹرکٹ ہیڈز، افسران اور اہلکاروں کے علاوہ ضلع بھر سے عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور شہریوں نے تحریری و زبانی طور پر تعلیم، امن و امان، ایریگیشن، آبنوشی، بجلی، ریونیو، سڑکوں، صفائی، نکاسیِ آب اور دیگر بنیادی مسائل پیش کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے سائلین کی شکایات توجہ اور تحمل سے سنیں، کئی شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے محکموں کو واضح ہدایات دی گئیں۔
فریدہ ترین نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط بنانا اور شہریوں کو مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہے اور کسی شہری کو جائز مسئلے کے حل کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عملی اقدامات کر کے سائلین کو بروقت ریلیف دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی واضح پالیسی ہے کہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی عوامی خدمت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے تمام جائز مسائل کا ازالہ کیا جائے گا اور پیش رفت کی نگرانی بھی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جائز مسائل انتظامیہ کے سامنے لائیں اور تعاون کریں۔ اختتام پر سائلین نے مسائل سننے اور فوری احکامات جاری کرنے کے اقدام کو سراہا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











