شیرانی ٹاؤن میں کھلی کچہری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالستار شیرانی کی عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت

شیرانی: ڈپٹی کمشنر شیرانی کلیم اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر شیرانی ٹاؤن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیرانی عبدالستار شیرانی کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر شیرانی حبیب الرحمان ناصر سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی، جبکہ علاقے کے عوام کی بڑی تعداد نے اپنے مسائل اور مطالبات پیش کیے۔
عوام کی جانب سے تعلیم، صحت، سڑکوں، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل اور مطالبات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالستار شیرانی نے عوام کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ان کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اپنے محکموں سے متعلق شکایات پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مؤثر بنانا اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر سن کر بروقت حل کرنا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











