سیوی میں یومِ آزادی کی تیاریوں کا اجلاس: مرکزی پرچم کشائی 14 اگست صبح 8 بجے، ڈپٹی کمشنر کی ہدایات

سیوی: ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی پاکستان کی تقریبات اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، چیئرمین ایم سی سردار محمد خان خجک، اسسٹنٹ کمشنر سیوی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر میر گہرام لاشاری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں 14 اگست کی تقریبات، سیکیورٹی، تعلیمی اداروں کے پروگرامز اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جشنِ آزادی ضلع بھر میں قومی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ بتایا گیا کہ 14 اگست کو صبح 8 بجے مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ہوگی جس میں سرکاری افسران، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبوں کے افراد شریک ہوں گے، جبکہ طلبہ ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلو اور دیگر ملی و ثقافتی پروگرام پیش کریں گے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو نے بتایا کہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں 13 اگست کو جشنِ آزادی کی خصوصی تقریبات ہوں گی اور 14 اگست کی مرکزی تقریب میں طلبہ بھرپور شرکت کریں گے؛ ملی نغموں، ٹیبلو اور تقاریر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جشنِ آزادی کے موقع پر جیل اور ہسپتال کے خصوصی دورے بھی کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور تقریبات کے دوران عوام کی سہولت، نظم و ضبط اور سیکیورٹی یقینی بنائی جائے؛ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے خصوصی حفاظتی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔ اجلاس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ضلع بھر میں ملی جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے ساتھ منایا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











