سیوی: آئندہ پولیو مہم میں 43 ہزار 192 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف، ماحولیاتی سیمپل منفی

سیوی: اسسٹنٹ کمشنر میر بہادر خان بنگلزئی کی زیرِ صدارت آئندہ پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ذیشان بشیر، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر شہزادہ کامران، ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر جہانزیب گشکوری، ڈی پی او صلاح الدین مری، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی ایس ڈی میر وائس خان، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر SRIP ارسلان لاشاری اور ایم اینڈ ای آفیسر لالہ صمد خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر شہزادہ کامران نے مئی میں منعقد ہونے والی گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی اور آئندہ مہم کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیوی سے حاصل کیے گئے ماحولیاتی سیمپل کا نتیجہ بھی منفی (Negative) آیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق آئندہ مہم کے دوران 22 ٹرانزٹ پوائنٹس، 46 فکسڈ سائٹس اور 216 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ 62 ایریا انچارجز اور 25 یو سی ایم اوز مہم کی نگرانی کریں گے۔ مہم کے دوران 43 ہزار 192 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر میر بہادر خان بنگلزئی نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور مؤثر نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور مقررہ ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











