سرفراز بگٹی نے اسینشل پیکج آف ہیلتھ سروسز بلوچستان کا افتتاح کر دیا، 164 بنیادی مراکز صحت فعال

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کو بنیادی اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور ماؤں، بچیوں اور بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وہ کوئٹہ میں اسینشل پیکج آف ہیلتھ سروسز بلوچستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو قابلِ اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمے کو دیے گئے تمام ٹاسک محنت، لگن اور ذمہ داری سے مکمل کیے گئے ہیں، اور حکومت بلوچستان اپنے تمام پارٹنرز کے ساتھ کیے گئے کمٹمنٹس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔
164 بنیادی مراکز صحت فعال
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں 164 بنیادی مراکز صحت کو فعال بنایا گیا ہے تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز کے قریب بنیادی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانا حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے اور اس ضمن میں مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے ڈیرہ بگٹی کے ایک دور دراز علاقے میں ڈاکٹر باری کی جانب سے ہسپتال فعال بنانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ قابلِ تحسین مثال ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عزم اور محنت سے عوام کو بنیادی سہولیات دی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہسپتال میں پہلی مرتبہ ایک بچے کی پیدائش ہوئی جس کا نام بخت محمد رکھا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے ان کے مؤقف پر تنقید کی جاتی ہے، تاہم انہیں اس تنقید کی کوئی پرواہ نہیں۔ حکومت کا مقصد وقت ضائع کرنا نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنا ہے۔ بلوچستان کا ہر بچہ بنیادی سہولیات کا حق رکھتا ہے اور حکومت اس حق کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کے عمل میں محکمہ صحت ہمیشہ فرنٹ لائن پر ہوگا، اور حکومت معیاری اور قابلِ رسائی طبی سہولیات کے لیے موجودہ اقدامات کو مزید وسعت دے گی تاکہ صحت کے شعبے میں دیرپا بہتری لائی جا سکے۔
تقریب سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بھی خطاب کیا اور صحت کے شعبے میں حکومت بلوچستان کے جاری اقدامات اور محکمہ صحت کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











