راحیلہ حمید خان درانی کا گرلز ڈگری کالج کواری روڈ کوئٹہ میں سائنس و آرٹس نمائش کا افتتاح

کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کواری روڈ کوئٹہ میں سائنس و آرٹس ایگزیبیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی غیر نصابی سرگرمیاں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی و تحقیقی سوچ اور خود اعتمادی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد حسین بخش بلوچ، جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز محترمہ سعیدہ نیاز اور ایجوکیشن اسپیشلسٹ محترمہ سعدیہ فاروقی بھی موجود تھیں۔ صوبائی وزیر نے نمائش میں طالبات کے پیش کردہ سائنسی و تخلیقی منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
شرکا سے خطاب میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بلوچستان کی طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر تعلیمی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور آرٹس کی سرگرمیوں کے ذریعے طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ان میں تحقیق، تخلیق اور عملی تجربات کا رجحان پیدا کیا جا سکتا ہے۔
راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ نمائش میں طالبات کے پیش کردہ سائنسی ماڈلز اور تجرباتی منصوبوں کے نمونے ان کی محنت، قابلیت اور تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم صوبے میں تعلیمی معیار کی بہتری، طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی اداروں میں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
کالج کی پرنسپل نے کہا کہ کالج میں طالبات کی علمی، سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، اور سائنس و آرٹس ایگزیبیشن کا مقصد طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع دینے کے ساتھ انہیں تحقیق، تجربات اور عملی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











