دُکی میں پولیو مہم کا جائزہ: رہ جانے والے بچوں کی فوری کوریج اور انکاری خاندانوں کی کاؤنسلنگ کا فیصلہ

دُکی: ڈپٹی کمشنر دُکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت ستمبر 2026 کی پولیو SNID مہم کے بعد پوسٹ کمپین ریویو اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بہادر خان لونی، اسسٹنٹ کمشنر لونی فتح خان بنگلزئی، ڈی ایس پی علی حسن، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جوہر خان شادوزئی، اے ڈی ایم پی پی ایچ آئی راز محمد ناصر، این-اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، ڈی پی او ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر عبداللہ جان، سی سی او سعید احمد، یو سی ایم اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مہم کے دوران فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کی کوریج، رہ جانے والے بچوں، انکاری خاندانوں اور فیلڈ میں سامنے آنے والے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ افسران نے مہم کی پیش رفت اور مسائل پر بریفنگ دی، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ رہ جانے والے بچوں کی فوری کوریج، انکاری خاندانوں کی مؤثر کاؤنسلنگ اور فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے ہدایت کی کہ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے، انکاری اور رہ جانے والے بچوں کا بروقت فالو اَپ کیا جائے اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری و تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں تسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











