دکی پولیس کی اگست میں کارروائیاں: 8 مفرور ملزمان گرفتار، 6 کلو چرس برآمد، اہلکاروں کو سرٹیفکیٹس

دکی: دکی پولیس نے ماہِ اگست کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر بہترین خدمات انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کو حسنِ کارکردگی کے سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب میں ایس پی ضلع دکی منصور احمد بزدار اور ڈی ایس پی دکی علی حسن لاشاری نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کو سراہا۔
اگست کی کارکردگی
ماہِ اگست میں دکی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 2 ٹویوٹا کرولا گاڑیاں اور 5 موٹر سائیکلیں قبضے میں لیں، جبکہ 8 مفرور اور 3 اشتہاری و مطلوب (P.O) ملزمان کو گرفتار کیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 5 مقدمات درج کر کے تقریباً 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ایس پی منصور احمد بزدار نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے اور محنتی، بہادر اور فرض شناس اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











