خضدار میں یومِ نجات پر تقریب اور ریلی، سابق لیویز تحصیل آفس کی عمارت پہلے وومن پولیس اسٹیشن کے لیے مختص

خضدار: وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں امن و امان کی بحالی، دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور ملک کو درپیش سکیورٹی بحران اور سیاسی عدم استحکام پر قابو پانے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات کی حمایت میں خضدار میں یومِ نجات جوش و خروش سے منایا گیا۔
یومِ نجات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس خضدار میں تقریب منعقد ہوئی جہاں کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت وفاقی حکومت کے تمام آئینی و انتظامی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا، اور تقریب کے اختتام پر شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس خضدار سے ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے حق میں نعرے لگائے۔ شرکاء نے کہا کہ ملک اس وقت جن چیلنجز سے گزر رہا ہے ان میں قومی یکجہتی اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
تقریب اور ریلی میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ایس ایس پی خضدار محمد بلوچ، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے عہدیداران، ہندو پنچایت کے رہنما سیٹ جواہری لال، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین اور عام شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
خواتین کھلی کچہری کے بعد وومن پولیس اسٹیشن
خضدار میں گزشتہ روز منعقدہ تاریخی خواتین کھلی کچہری کے مثبت ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے خواتین کے دیرینہ مطالبے پر خضدار میں پہلے وومن پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ صالح محمد جاموٹ کے ہمراہ سابق لیویز تحصیل آفس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین لیاقت علی اور ایکسین سلیم عمرانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ سابق لیویز تحصیل آفس کی عمارت باقاعدہ طور پر وومن پولیس اسٹیشن کے لیے مختص کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عمارت کی فوری مرمت، تزئین و آرائش اور تھانے کے قیام کے لیے درکار اسٹیبلشمنٹ کا تمام کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواتین کھلی کچہری میں خواتین نے جن مسائل کی نشاندہی کی تھی ان پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ وومن پولیس اسٹیشن کا قیام خواتین کو انصاف کی فراہمی اور ان کے تحفظ کی جانب اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، اور خواتین بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں گی اور ان کی داد رسی ممکن ہو سکے گی۔
چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن وڈیرہ صالح محمد جاموٹ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن خواتین کی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے میں ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وومن پولیس اسٹیشن کے لیے عمارت کی منتقلی اور دیگر میونسپل سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور خواتین کھلی کچہری میں کیا گیا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس خضدار میں خواتین کھلی کچہری منعقد ہوئی تھی جس میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے مسائل پیش کیے تھے، اور ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کو فوری حل کرنے کا اعلان کیا تھا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











