خضدار میں شہید عثمان عاشق لائبریری کا افتتاح، کمشنر قلات ڈاکٹر طفیل بلوچ نے تختی کی نقاب کشائی کی
خضدار: علم و ادب کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے خضدار میں نیشنل ہائی وے سے منسلک ڈی پی سی کے احاطے میں جدید سہولیات سے آراستہ، شہید عثمان عاشق کے نام سے منسوب لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی اور دیگر ضلعی حکام کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کر کے لائبریری کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں افسران اور شہر کی معزز شخصیات موجود تھیں۔
1994 سے ویران عمارت علم کا گہوارہ بن گئی
اس منصوبے کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ جس عمارت کو لائبریری میں تبدیل کیا گیا ہے وہ 1994 سے غیر آباد اور ویران پڑی تھی۔ کمشنر قلات ڈویژن کی سوچ اور ضلعی انتظامیہ کی دلچسپی سے اس خستہ حال عمارت کو مکمل طور پر بحال کر کے علم کا گہوارہ بنا دیا گیا ہے۔
بولان مائننگ انٹرپرائزز خضدار (بی ایم ای) نے نہ صرف اس کی عمارت تعمیر کی تھی بلکہ اب اسے جدید سولر سسٹم سے بھی لیس کر دیا ہے، جس کی بدولت لوڈشیڈنگ اور برقی قلت کے باوجود طلبہ کو بلاتعطل مطالعے کا موقع ملے گا۔ یہ اقدام بی ایس ڈی آئی کے تحت وسائل کے استعمال کی بہترین مثال ہے۔
لائبریری میں CSS، PMS، NTS اور دیگر ٹیسٹوں کی کتابیں، آن لائن ڈیٹا بیس اور خاموش مطالعے کا ماحول میسر ہوگا، جو طلبہ کو وہ سہولیات فراہم کرے گا جو پہلے صرف بڑے شہروں میں دستیاب تھیں۔ لائبریری میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ مطالعہ ہالز، ریسرچ روم، کانفرنس ہال اور ڈیجیٹل سیکشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ جدید کمپیوٹرز اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت سے طلبہ دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے ریسرچ پیپرز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
خضدار کے علمی و ادبی حلقوں نے اس اقدام کو بے حد سراہا ہے۔ تقریب میں موجود مہمانوں، پروفیسرز اور اساتذہ کا کہنا تھا کہ یہ لائبریری خضدار کے ذہین مگر وسائل سے محروم طلبہ کے لیے امید کی نئی کرن ہے، جس سے علاقے میں تعلیمی معیار بہتر ہوگا اور مقابلے کا رجحان بڑھے گا۔ شہریوں نے کمشنر قلات اور ڈپٹی کمشنر خضدار کے وژن کو تعمیری سوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے ہی نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر تعمیر و ترقی کی طرف راغب کرتے ہیں۔
«خضدار کے لیے علمی انقلاب کا آغاز»
کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لائبریری صرف ایک عمارت نہیں بلکہ خضدار کے لیے علمی انقلاب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں علم تک رسائی ہی ترقی کی ضمانت ہے اور یہ لائبریری نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم دے گی جہاں وہ عالمی معیار کے مطالعے سے روشناس ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائبریری کو جدید ترین ڈیزائن، انٹرنیٹ، کمپیوٹرز اور ریسرچ میٹریل سے آراستہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے، اور اس طرز کی لائبریری کی مثال پورے ریجن میں نہیں ملتی۔
افتتاحی تقریب میں ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی، اسسٹنٹ کمشنر وڈھ علی اکبر مزارزئی، اے ڈی سی جنرل علم دین، اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر نال عبداللہ جان، اسسٹنٹ کمشنر زہری روزین جمالی، ایجوکیشن آفیسر عابد حسین بلوچ، ایگزیکٹو آفیسرز قاضی عتیق، انجینئر سلیم رزاق عمرانی، انجینئر لیاقت علی، ایم ایس خضدار ہسپتال، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے صدر بشیر احمد جتک، عبدالحمید بلوچ، ٹھیکیدار نواز حمید اللہ سمیت لائبریری اسٹاف اور دیگر بھی موجود تھے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











