جعفرآباد: ڈی سی خالد خان کا سول ہسپتال اور گورنمنٹ کالج میں تعمیر و مرمت کے کاموں کا معائنہ

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
دورے کے دوران انہوں نے سول ہسپتال اور گورنمنٹ کالج میں جاری تعمیر و مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ سب ڈویژنل آفیسر مواصلات و تعمیرات بلڈنگز محمد صدیق زہری نے انہیں جاری کاموں اور منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہم ہیں، جن کی تکمیل سے شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات اور طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول اور بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاموں میں تیزی لائی جائے، معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے، تعمیراتی سامان کا معیار یقینی بنایا جائے اور تمام کام منظور شدہ ڈیزائن اور تخمینے کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ منصوبوں کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گی اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











