جعفرآباد میں عید میلاد النبی ﷺ کی ریلیاں، ڈیرہ اللہ یار کے مرکزی جلوس میں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ شریک

جعفرآباد: جشنِ عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ضلع جعفرآباد کے مختلف علاقوں سے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ ریلیاں نکالی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے اس موقع کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی تھی؛ ریلیوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ شرکاء کی حفاظت اور امن و امان یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے۔
ڈیرہ اللہ یار میں مرکزی جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ شرکاء نے درود و سلام، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعروں سے فضا کو معطر کر دیا۔ جلوس کے راستوں پر شہریوں نے مختلف مقامات پر استقبال کیا اور شرکاء میں لنگر اور شربت بھی تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افسران ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں انتظامات کا مسلسل جائزہ لیتے اور جلوس کے روٹس، صفائی، ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ ملک بھر کی طرح ضلع جعفرآباد میں بھی مذہبی جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا، اور ضلعی انتظامیہ نے عاشقانِ رسول ﷺ کو ہر ممکن سہولت اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن محبت، اخوت، بھائی چارے اور امن کا پیغام دیتا ہے، اس لیے تمام مکاتبِ فکر کو باہمی احترام اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عظیم دن کی خوشیاں منانی چاہئیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











