تمپ: ڈپٹی کمشنر برکت علی بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس، تعلیمی معیار کا جائزہ

تمپ: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا باقاعدہ اور اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر برکت علی بلوچ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس تمپ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی، تعلیمی معیار، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شعبۂ تعلیم سے متعلق مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تمپ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) تمپ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر آر ٹی ایس ایم حلیم بلوچ، یونیسف کے نمائندے فیض الرحمن سمیت ضلع تمپ کی مختلف تحصیلوں کے مرد و خواتین تعلیمی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی دستیابی، طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی، اساتذہ کی حاضری، تدریسی ماحول کی بہتری، تعلیمی کارکردگی میں اضافے اور اسکولوں میں جاری ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف تحصیلوں کے تعلیمی افسران نے اپنے علاقوں کی تعلیمی صورتحال، درپیش مسائل اور جاری اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
تعلیم ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح
ڈپٹی کمشنر تمپ برکت علی بلوچ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے، لہٰذا ضلع تمپ میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی افسران اپنے فرائض پوری ذمہ داری، دیانتداری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ انجام دیں، اساتذہ کی حاضری، تدریسی معیار اور طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے، جبکہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی ماحول کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے عزم ظاہر کیا کہ نو قائم شدہ ضلع تمپ میں تعلیم کے شعبے کو مضبوط، فعال اور عوامی توقعات کے مطابق استوار کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ طلبہ کو معیاری، بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ اجلاس کے اختتام پر تعلیمی شعبے کی بہتری، ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ اور سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











