تربت کے اسٹار پلس میں تجاوزات کے خلاف کارروائی، سامان ضبط اور ایک شخص گرفتار

تربت: اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی نے میونسپل کارپوریشن تربت کے عملے کے ہمراہ شہر کے علاقے اسٹار پلس میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکاری جگہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات ہٹا دیں۔
کارروائی کے دوران سڑک اور فٹ پاتھ پر رکھا گیا سامان ضبط کر لیا گیا، جبکہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا، جسے بعد ازاں مارکیٹ کمیٹی کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف کبزئی نے کہا کہ عوامی راستوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری املاک پر کسی قسم کی تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور عوامی گزرگاہوں پر قبضے سے گریز کریں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











