بیوٹمز کوئٹہ میں بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن کا تین روزہ یوتھ پروگرام شروع، قائم لاشاری کا خطاب

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBOIT) کے تعاون سے بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن (BMUN) کا تین روزہ یوتھ پروگرام شروع ہو گیا۔
یہ پروگرام بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں طلبہ و طالبات کو اہم قومی و عالمی امور پر اظہارِ خیال، مکالمے، بحث و مباحثے اور مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل اور سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں، مثبت سوچ، قائدانہ صلاحیتوں اور کاروباری شعور سے آراستہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ BBOIT نوجوانوں کی صلاحیتوں کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ نوجوانوں کو کاروباری دنیا میں قدم رکھنے، اپنے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے، سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے اور اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے رہنمائی اور معاونت فراہم کرنا بورڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
قائم لاشاری نے کہا کہ BMUN جیسے پروگرام نوجوانوں میں قیادت، تحقیق، مکالمے، فیصلہ سازی، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو ترقی کے عمل میں مؤثر شراکت دار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بھی نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











