بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ گیر ملک ٹیسٹنگ مہم: کوئٹہ اور لورالائی میں 2 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف

کوئٹہ: صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایات پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی اور ناقص معیار کے دودھ و دہی کے خلاف صوبے بھر میں خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ مہم کے تحت کوئٹہ اور لورالائی میں دودھ فروشوں، دکانوں، دودھ بردار گاڑیوں، ملک سپلائرز اور دیگر مشتبہ مقامات کی بڑے پیمانے پر چیکنگ کی گئی اور دودھ کا معیار جانچا گیا۔
مہم کے پہلے روز انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ اور لورالائی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2 یونٹس سیل کر دیے جبکہ 18 مراکز اور ملک سپلائرز کو جرمانے کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 59 دودھ بردار گاڑیوں و موٹر سائیکلوں اور دودھ کی 7 دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مجموعی طور پر 19,221 لیٹر دودھ اور بڑی مقدار میں دہی کے معیار کی جانچ کی گئی، جبکہ ملاوٹ شدہ، ناقص اور انسانی صحت کے لیے مضر پائے جانے والے تقریباً 2,000 لیٹر دودھ اور بڑی مقدار میں دہی موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
موبائل لیبارٹری سے موقع پر جانچ
فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی موقع پر جانچ کی گئی جس میں دودھ میں پانی اور اسکمڈ ملک کی ملاوٹ سامنے آئی۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ دودھ کے ڈبے بھی ضبط کر لیے گئے۔
انسپیکشن ٹیموں نے دودھ فروشوں اور ملک سپلائرز کے ہاں حفظانِ صحت کے ناقص انتظامات، غیر مناسب اسٹوریج، آلودہ برتنوں، صفائی کی ابتر صورتحال اور بغیر لائسنس کاروبار سمیت مختلف خلاف ورزیوں کا بھی نوٹس لیا۔
ڈائریکٹر آپریشنز بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر فخرالدین مری نے کہا کہ دودھ روزمرہ استعمال کی بنیادی غذا ہے، اس لیے اس کے معیار اور خالص پن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل لیبارٹری کے ذریعے موقع پر جانچ کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ ملاوٹ کی فوری نشاندہی کر کے عوام کو غیر معیاری دودھ کی فراہمی روکی جا سکے۔
فخرالدین مری نے کہا کہ دودھ میں پانی، اسکمڈ ملک یا دیگر غیر مجاز اجزا کی ملاوٹ انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، لہٰذا دودھ فروش اور ملک سپلائرز فوڈ سیفٹی قوانین اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں، بصورت دیگر جرمانے، سیلنگ اور دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں دودھ کے معیار کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھیں گی، اور عوام سے اپیل کی کہ ملاوٹی، مشتبہ یا غیر معیاری دودھ کی فروخت کی اطلاع بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











