بارکھان میں امن و امان اور عوامی مسائل پر جرگہ، ڈپٹی کمشنر اور ایس پی سمیت قبائلی معتبرین کی شرکت

بارکھان: بارکھان میں امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل اور جاری و زیرِ غور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی مجموعی صورتحال اور درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
جرگے میں کمانڈنٹ کوہلو، لیفٹیننٹ کرنل بارکھان محمد یونس، ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ، ایس پی بارکھان عبدالحق، مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان و نمائندگان، سرکاری افسران اور قبائلی معتبرین نے شرکت کی۔
جرگے میں امن و امان، عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات، سڑکوں، تعلیم، صحت اور دیگر ترقیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے پائیدار امن اور عوامی مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ، سیاسی قیادت، قبائلی معتبرین اور عوام کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے، عوامی مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ بارکھان میں امن و استحکام، عوامی فلاح اور ترقیاتی عمل کے لیے تمام طبقات باہمی تعاون سے کردار ادا کریں گے۔ جرگے سے مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر باہمی مشاورت کا مؤثر موقع ملا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











