ایگزیکٹو انجینئر کیرتھر کینال غلام محمد بادینی کا ڈمب ڈسٹری کا دورہ، وارا بندی کے تحت پانی کی تقسیم کا جائزہ

نصیرآباد: ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن کیرتھر کینال غلام محمد بادینی نے ڈمب ڈسٹری میں وارا بندی کا دورہ کرتے ہوئے پانی کی تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ وارا بندی کے تحت فیز ٹو میں پانی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے، اور محکمہ آبپاشی تمام کمانڈ ایریا کے زمینداروں اور کاشتکاروں کو ان کے مقررہ حصے کے مطابق منصفانہ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔
دورے کے دوران سب انجینئر ریاض احمد میمن، کینال سپروائزر رجب علی عمرانی اور داروغہ روشن علی چہوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سب انجینئر ریاض احمد میمن نے پانی کی فراہمی اور فیلڈ کی مجموعی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
غلام محمد بادینی نے واضح کیا کہ پانی کی تقسیم پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی حقدار زمیندار یا کاشتکار کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ کی ہدایات کے مطابق شفاف، منصفانہ اور مقررہ وارا بندی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تمام علاقوں کو ان کا جائز حق بروقت مل سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











