ایڈمنٹن میں خالصتان ریفرنڈم، منتظمین کے مطابق 23 ہزار سے زائد ووٹ ڈالے گئے

ایڈمنٹن: کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں 18 اکتوبر کو ہزاروں سکھوں نے خالصتان ریفرنڈم میں حصہ لیا۔ تاریخی اجتماع کے لیے کینیڈا، امریکہ اور یورپ سے ہزاروں سکھ آئے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 15 اکتوبر کو ایف بی آئی نے سکھ رہنما اور سکھز فار جسٹس کے جنرل کونسل گرپتونت سنگھ پنوں کی جان کو لاحق فوری خطرے سے آگاہ کیا۔ پنوں اس سے قبل 2023 میں امریکہ میں ان کے قتل کی بھارتی سازش کا نشانہ بن چکے ہیں، جس کا تعلق امریکی استغاثہ نے بھارتی حکومتی اہلکاروں سے جوڑا تھا۔
رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس نے ریفرنڈم کے دیگر منتظمین کو بھی ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا۔ دھمکیوں کے پیش نظر ووٹنگ کے مقام پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔
پولنگ کے اوقات میں توسیع کی گئی۔ طویل قطاروں میں موجود تمام افراد کو ووٹ ڈالنے کا موقع دینے کے لیے ووٹنگ مقررہ وقت سے آگے جاری رہی۔ شرکاء نے بھارتی پنجاب کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق میں ووٹ ڈالے۔
منتظمین نے 23 ہزار سے زائد ووٹوں کی تعداد کو عوامی شرکت کا نمایاں مظاہرہ قرار دیا۔ ووٹنگ کے حتمی اعداد و شمار آنا باقی ہیں۔
ریفرنڈمز کا پس منظر
دنیا کے مختلف علاقوں میں ہر سال ہونے والے یہ ریفرنڈمز بھارتی پنجاب کے سیاسی مستقبل، سکھوں کے حق خودارادیت، سیاسی آزادی اور آزادی اظہار پر عالمی بحث کو اجاگر کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت ان پرامن سیاسی سرگرمیوں کا انعقاد کرنے والے بیرون ملک مقیم سکھ کارکنوں کو نشانہ بناتی ہے۔
بھارت میں 1984 کے سکھ مخالف قتل عام کے چار دہائیوں بعد بھی انصاف اور احتساب کے مطالبات برقرار ہیں۔ مبصرین کے مطابق مودی حکومت بھارت کے اندر مظالم کے ذریعے سکھوں کی جدوجہد کو خاموش کروا سکتی ہے، لیکن بیرون ممالک میں نہیں۔
اس سے پہلے اکتوبر 2021 میں لندن میں تقریباً 30 ہزار ووٹ ڈالے گئے۔ دسمبر 2021 میں جنیوا میں 6 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ 2022 میں روم اور اٹلی کے دیگر مقامات پر 57 ہزار سے 62 ہزار کے درمیان ووٹ ریکارڈ کیے گئے۔
ستمبر 2022 میں اونٹاریو کے شہر برامپٹن میں 110,000 افراد کی شرکت کا دعویٰ کیا گیا۔ اسی سال بعد میں مسی ساگا میں ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کے دوران 75 ہزار سے زائد ووٹ ڈالے گئے۔ ستمبر اور اکتوبر 2023 میں برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں دو مراحل میں مجموعی طور پر 200,000 سے زائد ووٹ ڈالے گئے۔
جنوری 2023 میں میلبورن میں تقریباً 55 ہزار ووٹ ریکارڈ ہوئے۔ جنوری 2024 میں سان فرانسسکو میں تقریباً 127,000 افراد نے شرکت کی۔ جولائی 2024 میں کیلگری میں 55 ہزار ووٹ ڈالے گئے۔ نومبر 2025 میں اوٹاوا میں 53 ہزار سے زائد ووٹ ڈالے گئے۔
اگلا خالصتان ریفرنڈم 21 مارچ 2027 کو آسٹریلیا میں ہوگا۔











