ایلمنٹری کالج تربت کی نئی عمارت میں منتقلی: ڈی سی کیچ یاسر اقبال دشتی کی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ایلمنٹری کالج تربت کی نئی عمارت میں منتقلی، تعمیراتی کاموں کی تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے، درپیش مسائل کے حل اور ضروری سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈی ای او اصغر علی، ایلمنٹری کالج کی ٹیچر میڈم سمیہ، ٹھیکیدار زبیر احمد اور انجینئر گہرام گچکی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انجینئر گہرام گچکی نے نئی عمارت میں جاری تعمیر و مرمت، باقی ماندہ تعمیراتی امور اور چار دیواری، پانی، بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نئی عمارت میں منتقلی سے متعلق تمام زیرِ التوا امور اور تعمیراتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کا بروقت آغاز اور تسلسل برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ چار دیواری، پانی، بجلی اور دیگر سہولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی سے کام کریں۔
یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری اور طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد اور تعلیمی اہمیت کے حامل منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور کسی بھی غیر ضروری تاخیر یا غفلت سے گریز کیا جائے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











