اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے گرلز ہائی اسکول سربندن میں طالبات کو ریاضی اور فزکس پڑھائی

گوادر: اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے گزشتہ دنوں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سربندن کا دورہ کیا تھا، جہاں طالبات سے ملاقات اور تعلیمی سرگرمیوں کے جائزے کے دوران ریاضی اور فزکس کے اساتذہ کی کمی کی نشاندہی ہوئی تھی۔ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور معیاری تعلیم کے فروغ کی صوبائی پالیسی کے تحت کیے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے افسران نے بتایا کہ مطلوبہ ایس ایس ٹی اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق کنٹریکٹ بنیادوں پر تعیناتی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ دورے میں اسسٹنٹ کمشنر نے طالبات کو یقین دلایا تھا کہ وہ وقتاً فوقتاً تعلیمی نشستوں میں شریک ہو کر ریاضی اور فزکس میں رہنمائی فراہم کریں گے۔ اسی سلسلے میں وہ آج دوبارہ اسکول پہنچے اور طالبات کے ساتھ وقت گزارا۔ طالبات کی جانب سے ایسی نشست کے لیے خاصا اشتیاق اور اصرار سامنے آیا تھا، اور انہوں نے نشست میں بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
نشست میں طالبات نے مختلف سوالات کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف تصورات آسان انداز میں سمجھائے اور طالبات کو سوال کرنے، تجسس برقرار رکھنے اور مشکل مضامین کو سمجھ کر سیکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کے مستقل حل کے لیے محکمہ تعلیم سے رابطہ جاری رکھا جائے گا اور وہ بھی ایسی نشستوں میں شریک ہوتے رہیں گے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











