اساتذہ کی بھرتیوں پر اعتراضات: کمشنر سیوی کا جعلی ڈگریوں کی تصدیق اور ایف آئی آر کا حکم

سیوی: کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض کی زیر صدارت کمپلینٹ ریڈریسل کمیٹی (سی آر سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم فیز فور کے تحت اساتذہ کی حالیہ تعیناتیوں پر مرد امیدواروں کے اعتراضات و شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیم بلال خان بڑیچ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیوی عبدالستار لانگو سمیت افسران شریک ہوئے۔
امیدواروں کے اعتراضات سنے گئے اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، کسی امیدوار کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اور تمام اعتراضات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے کر ریکارڈ اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
جعلی ڈگریوں کی شکایات پر کمشنر نے متعلقہ امیدواروں کی ڈگریوں کی متعلقہ تعلیمی اداروں سے مکمل تصدیق کا حکم دیا اور کہا کہ ڈگری جعلی ثابت ہونے پر ملوث فرد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











