آرمی پبلک اسکول کے طلبہ نے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کو نایاب ڈاک ٹکٹوں کا مجموعہ پیش کیا، ایک ایک لاکھ روپے انعام

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو آرمی پبلک اسکول سیون اسٹریم کے طلبہ سید عبداللہ حسین، سید عبدالرحمن حسین اور سید عبدالرحیم حسین نے ملاقات کی۔ طلبہ نے وزیر اعلیٰ کو عسکری اداروں سے متعلق نایاب ڈاک ٹکٹوں کا قیمتی مجموعہ پیش کیا، جسے وزیر اعلیٰ نے گہری دلچسپی سے دیکھا اور طلبہ کی کاوش کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے ان بچوں نے نایاب ڈاک ٹکٹ جمع کرکے نہ صرف ایک منفرد شوق کو فروغ دیا بلکہ اپنی صلاحیتوں سے پاکستان میں اپنے صوبے کا نام بھی روشن کیا، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈاک ٹکٹ محض کاغذ کے ٹکڑے نہیں بلکہ ملکی تاریخ کے اہم واقعات اور عسکری اداروں کی خدمات کی یادگار ہیں۔
شہداء سے منسوب ڈاک ٹکٹ
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مجموعے میں شامل بعض ڈاک ٹکٹ ان شہداء سے بھی منسوب ہیں جنہوں نے مختلف جنگوں میں وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں اور ان کی قربانیوں کے باعث ملک کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ ممکن ہوا۔
وزیر اعلیٰ نے طلبہ کی اس منفرد کاوش کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیاں بچوں میں تحقیق، مطالعے اور تاریخ سے وابستگی کا شعور اجاگر کرتی ہیں۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول سیون اسٹریم کی انتظامیہ اور اساتذہ کی بھی تعریف کی کہ طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ایک، ایک لاکھ روپے انعام دیا اور مستقبل میں بھی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی تخلیقی و تحقیقی سرگرمیوں کی سرپرستی ایک روشن اور باشعور معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











