نصیرآباد: سرکاری عمارتوں میں سولر سسٹم کے منصوبے، ڈی سی وریندر لعل کا ٹینڈر پراسیس کا جائزہ

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے دفتر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میجر یاسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ احمد نواز جتک، ایس ڈی او بلڈنگ عابد علی پہنور اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
افسران نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی ٹینڈر دستاویزات، تخمینہ جات، تکنیکی و مالیاتی امور اور بولی کے عمل سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ان منصوبوں کے تحت مختلف سرکاری محکموں کی عمارتوں اور سرکاری تنصیبات میں سولر سسٹم نصب کیے جائیں گے، جس سے سرکاری اداروں کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور بجلی کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
ٹینڈر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے وریندر لعل نے ٹینڈر پراسیس کے تمام مراحل کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا اور منصوبوں کی نوعیت، موصول ہونے والی بولیوں اور ٹھیکیداروں کی پیشکشوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹینڈر کا ہر مرحلہ حکومتی پالیسی، مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے، شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور تمام بولیوں اور دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی اہل ٹھیکیدار کو کامیاب قرار دیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کامیاب ٹھیکیدار کے حق میں تمام قانونی و انتظامی تقاضے پورے کرنے کے بعد ورک آرڈر جاری کیے جائیں تاکہ منصوبوں پر بلاوجہ تاخیر کے بغیر کام شروع ہو سکے۔ صرف ٹینڈر کے عمل کو شفاف بنانا کافی نہیں، عملی کام کے دوران بھی معیار، رفتار اور مقررہ اسپیسفکیشنز پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے؛ افسران منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور ناقص یا غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر فوری کارروائی کریں۔
وریندر لعل نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل اور سرکاری فنڈز کے استعمال میں مکمل شفافیت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولیات کے لیے مختص فنڈز حقیقی معنوں میں عوامی مفاد پر خرچ ہوں اور ان کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











