نصیر آباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی بی آئی ایس پی ادائیگیوں میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

نصیر آباد: ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نصیر آباد عبدالرحیم بلوچ نے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد وریندر لعل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ضلع بھر میں پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی معاونت، ادائیگی کے طریقۂ کار، درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ حکومت پاکستان کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک اہم فلاحی منصوبہ ہے، جس کا مقصد غریب، نادار اور مستحق طبقات، خصوصاً خواتین کو مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت رقوم کی ادائیگی مکمل شفافیت کے ساتھ یقینی بنائی جائے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی، کٹوتی یا تاخیر کی شکایت سامنے نہ آئے۔ تمام متعلقہ افسران اس امر کو یقینی بنائیں کہ مستحق خواتین کو ان کی رقوم بغیر کسی دشواری، دباؤ یا اضافی اخراجات کے بروقت مل سکیں، جبکہ ادائیگی مراکز پر نظم و ضبط برقرار رکھا جائے اور خواتین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ کسی بھی سطح پر شکایات موصول ہونے پر ان کا فوری ازالہ کیا جائے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ حکومتی امداد حقیقی حقداروں تک بروقت اور شفاف انداز میں پہنچ سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











