یونیورسٹی آف تربت کی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کمیٹی کا پانچواں اجلاس، سی پی ڈی ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی تجویز

تربت: یونیورسٹی آف تربت کی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کمیٹی کا پانچواں اجلاس وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ (تمغۂ امتیاز)، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس ڈاکٹر عدیل احمد (بذریعہ ویڈیو لنک)، ڈین فیکلٹی آف لاء ڈاکٹر مظفر حسین، رجسٹرار گنگزار بلوچ اور ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید نے شرکت کی۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق کمیٹی نے اجلاس کے آغاز میں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی، جس کے بعد ملک اور بیرونِ ملک ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے فیکلٹی ارکان سے متعلق مختلف تعلیمی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لے کر اہم فیصلے کیے گئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ جامعہ تربت کو ملک کے صفِ اول کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے برابر لانے کے لیے فیکلٹی اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی ناگزیر ہے۔
اجلاس میں انسانی وسائل کے جدید چیلنجز سے نمٹنے، پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور یونیورسٹی میں اسمارٹ ورکنگ کلچر کے فروغ کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کنٹینیوئس پروفیشنل ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی) کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔ کمیٹی نے ملازمین کے لیے ایک جامع تربیتی فریم ورک تیار کرنے کی سفارش بھی کی، جس کے تحت آئی ٹی کی مہارت، سافٹ اسکلز، قائدانہ صلاحیتوں، ٹائم مینجمنٹ اور اسٹریٹجک پلاننگ پر خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ بدلتے تعلیمی منظرنامے میں جامعہ کا عملہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











