جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر خالد خان کی صدارت میں ضلعی ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس، طبی سہولیات کا جائزہ

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت ضلعی ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو ادویات کی فراہمی سمیت صحت کے شعبے سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر گفتگو کی گئی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو کس طرح مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے اور سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی بروقت حاضری یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات ضروری ہیں۔
ادویات کی دستیابی، علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے مراکز کی مجموعی کارکردگی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سرکاری طبی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحت کے مراکز میں طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو سرکاری اسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











