موسم سرما میں گیس کی طلب پوری کرنے کیلئے حکومت کا درآمدی ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے موسم سرما میں ایل این جی (گیس) کی طلب پوری کرنے کیلئے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے درآمدی ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کارگوز نومبر سے فروری کے عرصے کیلئے منگوائے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں قطر سے سستی ایل این جی درآمد کو ترجیح دی جائے گی۔ قطر سے سپلائی شروع نہ ہونے کی صورت میں اسپاٹ کارگوز خریدے جائیں گے۔
موسم سرما میں گیس کی طلب و رسد سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی ہے۔ مجموعی مقامی گیس کی دستیابی ایک ارب 40 کروڑ مکعب فٹ تک رہنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق موسم سرما میں صرف پنجاب کی گیس کی ضرورت ایک ارب مکعب فٹ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ سردیوں میں مقامی گیس صرف گھریلو ضروریات کیلئے بھی ناکافی ہوگی۔
موضوعات:بجلی و گیس











