آرٹس کونسل کراچی میں ایمن زارا کی پہلی سولو پرفارمنس، نامور گلوکاروں کے گیت پیش کر کے داد سمیٹی

کراچی: شہر قائد میں اپنی نوعیت کے منفرد کنسرٹ میں نوجوان گلوکارہ ایمن زارا نے شاندار گائیکی اور دلکش انداز سے محفل میں سماں باندھ دیا، جبکہ شرکا نے ان کی پرفارمنس کو بھرپور داد دی۔
ایمن زارا نے اپنے سولو شو میں پاکستان کے نامور گلوکاروں کے مقبول گیت پیش کیے، جن میں حدیقہ کیانی، نازیہ حسن، سجاد علی اور ملکہ ترنم نورجہاں کے معروف گیت شامل تھے۔ انہوں نے یہ گیت اپنے منفرد انداز میں پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔
نوجوان گلوکارہ نے ہمہ جہت موسیقار اور فنکار زلفی کو بھی گیت کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا۔ پنجابی گیت «سانو نہر والے پل تے بلا کے» پر ان کی پرفارمنس نے محفل میں خوب رنگ جمایا اور شائقین نے دل کھول کر داد دی۔
ایمن زارا پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف موسیقار خرم جمشید کی صاحبزادی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ تقریباً دو برس سے گیتوں پر پرفارم کر رہی ہیں، تاہم آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والا یہ شو ان کی پہلی سولو پرفارمنس تھا۔ ان کے مطابق پہلی سولو پرفارمنس پر ملنے والی پذیرائی پر وہ بے حد خوش ہیں۔
ایمن زارا کا کہنا تھا کہ موسیقی سے ان کا تعلق انتہائی کم عمری سے ہے۔ جب سے ہوش سنبھالا، گھر میں ساز و آواز کی فضا دیکھی، اور یہی ماحول رفتہ رفتہ موسیقی سے محبت اور پھر جنون میں تبدیل ہو گیا۔
نوجوان گلوکارہ کی پہلی سولو پرفارمنس کو ملنے والی پذیرائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستانی موسیقی میں نئی نسل اپنے منفرد انداز اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔











