پنجاب میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت، میو اسپتال لاہور میں 70 سالہ انور دم توڑ گیا

لاہور: پنجاب میں کتے کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماری ریبیز نے ایک اور جان لے لی۔ لاہور کے میو اسپتال میں زیرِ علاج 70 سالہ انور دم توڑ گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق جڑانوالہ کا رہائشی انور دو ماہ قبل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوا تھا۔ مریض نے ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ننکانہ صاحب سے رجوع کیا، جہاں سے اسے 17 اکتوبر کو لاہور کے میو اسپتال منتقل کیا گیا۔
انور کو اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا، تاہم دو روز زیرِ علاج رہنے کے بعد وہ دم توڑ گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق مریض میں ریبیز کی علامات ظاہر ہو چکی تھیں۔ رواں ماہ پنجاب میں اس بیماری کے باعث اب تک تین ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔











