لاہور جنرل ہسپتال کو 18 لاکھ روپے کی جدید ڈائلیسز مشین عطیہ

لاہور: ریٹائرڈ پروفیسر آف ریڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر سائرہ بلال نے لاہور جنرل ہسپتال کو 18 لاکھ روپے مالیت کی جدید ڈائلیسز مشین عطیہ کر دی۔
اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم ترین عبادت اور صدقہ جاریہ ہے۔ ان کے مطابق مریضوں کے علاج کے لیے مالی معاونت اور طبی آلات عطیہ کرنے والی مخیر شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
تقریب میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر سائرہ بلال، پروفیسر نگہت ہارون، پروفیسر عباد الرحمان، پروفیسر میاں محمد حنیف اور انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
جودت سلیم نے مخیر شخصیت کے جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال میں جدید طبی مشینری کی فراہمی سے علاج معالجے کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور گردوں کے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے میں مزید مدد ملے گی۔
ہسپتال انتظامیہ کا ردعمل
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے سائرہ بلال کے جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں فلاحی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی معاونت نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ سرکاری ہسپتالوں کے لیے بڑا سہارا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے عملی تعاون سے طبی سہولیات بہتر بنانے اور مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے میں نمایاں مدد ملتی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسے مثبت اقدامات سے صلاحیتیں مزید مضبوط ہوتی ہیں۔
شعبہ نیفرولوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عباد الرحمن نے سائرہ بلال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید ڈائلیسز مشین کی فراہمی گردوں کے مریضوں کے علاج میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ قابلِ تقلید اقدام دیگر مخیر شخصیات کو بھی صحت کے شعبے میں تعاون کی ترغیب دے گا۔











