کوئٹہ میں ڈرامہ فیسٹیول 2026 کا آغاز، پہلے دن اسٹیج ڈرامہ «حور پری» پیش

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت و سیاحت نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کی خصوصی ہدایت پر، اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کے موقع کی مناسبت سے، محکمہ ثقافت و سیاحت حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام «ڈرامہ فیسٹیول 2026» کا آج باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
19 اکتوبر کو شروع ہونے والے اس فیسٹیول کے پہلے دن «حور پری» کے نام سے اردو اسٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا، جس کے اسکرپٹ رائٹر و ہدایتکار خالد اقبال مغل تھے۔ اس ڈرامے میں معاشرے میں پائے جانے والے مسائل اور ان کے حل کی عکاسی کی گئی تھی۔
پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کی ہدایات کی روشنی میں اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد صوبے میں اسٹیج تھیٹر کی بحالی، مثبت و صحتمند ثقافتی سرگرمیوں کا فروغ، اور بلوچستان کے مقامی فنکاروں اور ہدایت کاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مواقع فراہم کرنا ہے۔
21 روزہ یہ ثقافتی فیسٹیول 9 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں ہر روز شام 6 بجے سے 8 بجے تک مختلف اسٹیج ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











