گوادر پولیس میں کانسٹیبلوں کی پروموشن: تحریری امتحان میں 198 کامیاب، انٹرویوز 10 اکتوبر تک جاری

گوادر: محکمہ پولیس میں میرٹ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گوادر ایس ایس پی عطاالرحمان خان کی نگرانی میں پولیس کانسٹیبلوں کی پروموشن کے لیے ٹیسٹ اور انٹرویوز کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع گوادر میں پروموشن کے لیے 24 ستمبر 2026 کو امتحان منعقد کیا گیا، جس کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس کانسٹیبلز، CHP کانسٹیبلز اور سابق لیویز کانسٹیبلز سمیت مجموعی طور پر 278 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی۔ امتحان میں 227 امیدوار شریک ہوئے جبکہ 51 غیر حاضر رہے۔
نتائج کے مطابق 198 امیدوار کامیاب اور 29 ناکام قرار پائے۔ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 8 سے 10 اکتوبر 2026 تک جاری رہیں گے، جن میں پیشہ ورانہ اہلیت، کارکردگی اور دیگر مقررہ معیار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی عطاالرحمان خان نے کہا کہ پروموشن کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کو ملحوظِ خاطر رکھا جا رہا ہے۔ انٹرویو میں کامیاب اور معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کو لوئر کورس اور ضروری تربیت کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ محکمہ پولیس کی استعدادِ کار میں اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، باصلاحیت اور پیشہ ور بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ اہلکاروں کی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور میرٹ پر مواقع سے نہ صرف فورس کی استعداد بڑھے گی بلکہ عوام کو بہتر پولیسنگ کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ ضلع پولیس کے ان اقدامات کو مؤثر، ذمہ دار اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











