دُکی کے تمام بینکوں میں فول پروف سیکیورٹی اور اے ٹی ایمز ہر وقت فعال رکھنے کی ہدایت

دُکی: ڈپٹی کمشنر دُکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت ضلع کے تمام بینکوں کے منیجرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر دُکی محمد اکرم حریفال سمیت مختلف بینکوں کے منیجرز نے شرکت کی۔
بینک منیجرز نے مجموعی کارکردگی، سیکیورٹی انتظامات، اے ٹی ایم سروسز، صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر امور پر بریفنگ دی، جبکہ بینکوں کو درپیش مسائل اور بینکاری سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام بینکوں میں سیکیورٹی کے مؤثر اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں، کیونکہ بینک حساس نوعیت کے ادارے ہیں اور اس حوالے سے کوئی غفلت یا کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی گارڈز، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر حفاظتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور کسی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے تمام بینکوں کے اے ٹی ایمز ہر وقت فعال رکھنے اور خرابی کی صورت میں فوری طور پر تکنیکی مسئلہ دور کرنے کی ہدایت کی تاکہ صارفین کو بلاوجہ انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے خوش اخلاقی، بروقت سہولیات اور شکایات کا فوری ازالہ بینک انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اور بینکنگ سروسز میں شفافیت، سہولت اور عوام دوست رویہ یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بینکنگ سیکٹر میں سیکیورٹی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اختتام پر بینک منیجرز نے ہدایات پر عملدرآمد، سیکیورٹی کے معیار میں بہتری، اے ٹی ایم سروسز کی فعالیت اور معیاری بینکاری سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











