اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان کا بی ایچ یو شادوبند کا دورہ، ٹیلی ہیلتھ سینٹر کا بھی معائنہ

گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت شہریوں کو دہلیز پر معیاری بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری صحت مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے صحت مراکز کی نگرانی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے بنیادی مرکز صحت (BHU) شادوبند کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے میں اسسٹنٹ کمشنر نے طبی و معاون عملے کی حاضری چیک کی جو تسلی بخش پائی گئی، اور مریضوں کو خدمات فراہم کرنے والے اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ویکسینیشن روم میں ویکسینز کی ذخیرہ کاری، کولڈ چین اور حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ادویات کے اسٹور میں دستیاب ادویات کی مقدار، میعادِ استعمال اور محفوظ ذخیرہ کاری کے انتظامات دیکھے، جبکہ مریضوں کی سہولیات اور فوری طبی نگہداشت کے لیے مختص کمرے کا بھی معائنہ کیا۔
بعد ازاں انہوں نے ٹیلی ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں شادوبند کے مریضوں کو COMSATS اسلام آباد کے ڈاکٹروں کے ذریعے آن لائن طبی مشاورت دی جا رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹیلی ہیلتھ سسٹم کے ذریعے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر سے براہِ راست رابطہ کیا اور دور دراز علاقوں کے مریضوں کو ریموٹ مشاورت کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مرکز کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عملے کی باقاعدہ حاضری، ادویات و ویکسینز کی مناسب ذخیرہ کاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بنیادی صحت مراکز کو فعال بنانا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کو علاج کے لیے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











