ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سے بی آر ایس پی کے سی ای او ڈاکٹر طاہر رشید کی ملاقات، رائز پروگرام پر بات چیت

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے ملاقات کی، جس میں RISE (Resilience, Integration and Socio-Economic Empowerment) پروگرام کے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
حکومت بلوچستان کے اہم اقدام RISE پروگرام کے تحت انٹرپرائز ڈویلپمنٹ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، سماجی ہم آہنگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں لچک کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں جاری اور مجوزہ سرگرمیوں، نوجوانوں کی ترقی، روزگار و کاروباری مواقع کے فروغ، سماجی شمولیت اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، معاشی مواقع پیدا کرنے، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے لیے ایسے پروگرام اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مثبت اور تعمیری اقدامات میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











